Wednesday, July 3, 2024
ہومپاکستانقومی اقتصادی کونسل نے 15سو ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دیدی

قومی اقتصادی کونسل نے 15سو ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دیدی

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا، کونسل نے 15 سو ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی، وفاق 14 سو ارب روپے اور 100 ارب روپے سرکاری ونجی شراکت داری ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس نے سالانہ پلان برائے مالی سال 24-2023 کا جائزہ لیا، کونسل نے اجلاس میں تیرھویں پانچ سالہ منصوبے پر تفصیلی غور کے بعد سالانہ پلان برائے 25-2024 کی منظوری دیدی۔دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال 3 اعشاریہ6 فیصد، پانچ سالہ پلان کے تحت مالی سال 2029 تک 6فیصد گروتھ ہوگی، آئندہ پانچ سال میں معاشی ترقی کا ہدف اوسطا 5اعشاریہ1فیصد رکھنے کی منظوری دی گئی، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زراعت کی گروتھ کا ہدف 2فیصد رکھنے کی منظوری دی گئی۔
آئندہ بجٹ میں صنعتی گروتھ کا ہدف 4.4فیصد، خدمات کے شعبے کی ترقی کا ہدف 4.1 فیصد اور اگلے مالی سال برآمدات کا ہدف 40.5 ارب ڈالر رکھنے کی منظوری دی گئی۔دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال درآمدات کا ہدف 68.1 ارب ڈالر رکھنے کی منظوری دی گئی، آئندہ مالی سال سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا ہدف 30.2 ارب ڈالر مقرر کیا گیا۔بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کرنٹ اکانٹ خسارہ کا ہدف 3.7 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مالی سال 25-2024 کی پبلک انویسٹمنٹ پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں ایکنک کی پیشرفت اور سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی اب تک پیشرفت رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، تمام صوبوں کی جانب سے متفقہ طور پر ایجنڈے کی منظوری دیدی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔