اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ رانا ثنااللہ خان پاکستان کے 46 ویں وزیر داخلہ تعینات ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے وزارت داخلہ پہنچ کر بطور وزیر داخلہ عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
وزارت داخلہ میں اپنے دفتر آمد پر وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھرسمیت دیگر حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔رانا ثنااللہ خان این اے 106 فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی ہیں،اس سے پہلے وہ پانچ مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں جبکہ وہ مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر ہیں ۔2013 میں مسلم لیگ ن کی پنجاب میں حکومت کے دوران صوبے کے وزیر داخلہ و قانون رہ چکے ہیں۔