راولپنڈی(آئی پی ایس ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ مکمل ہو گیا، دونوں ملک کے درمیان دفاع تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے چٹاگانگ بندرگاہ کا دورہ کیا، نیول چیف کی بنگلہ دیش کے آرمی، نیوی اور ایئر چیف سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی پیشہ ورانہ امور اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف نے نیشنل ڈیفنس کالج ڈھاکا کا دورہ کیا، صدر این ڈی سی اور فیکلٹی سے ملاقات کی، چٹاگانگ میں کمانڈر نیوی فلیٹ، کمانڈر چٹاگانگ اور ایریا سپرنٹنڈنٹ ڈوک یارڈ سے ملاقاتیں کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول چیف نے بنگلہ دیش نیول اکیڈمی کا دورہ کیا، تربیتی معیار کو سراہا، اکیڈمی میں تعلیمی و پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس سیف پر استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں اعلی عسکری و سول شخصیات نے شرکت کی، استقبالیہ میں بحرِ بنگال اور بحرِ ہند میں پرامن تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بحری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث ہے۔
