اسلام آباد(آئی پی ایس ) جسٹس امین الدین کو آئینی عدالت کا سربراہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحیی خان آفریدی نے جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ رکھ لیا، جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ چیف جسٹس ہا ئوس میں ہوگا۔سپریم کورٹ ججز کو بھی عشاہیہ میں مدعو کیا گیا ہے، جسٹس امین الدین خان نے 30 نومبر کو عہدہ سے ریٹائر ہونا تھا۔
واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کا بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہو چکا ہے اور صدرِ مملکت کے دستخط کے بعد اب یہ ترمیم آئین کا باقاعدہ حصہ بن گئی ہے۔آرٹیکل 176 میں کی گئی ترمیم کے مطابق موجودہ چیف جسٹس اپنی مدتِ ملازمت مکمل ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہلائیں گے۔اسی طرح آرٹیکل 255 کی شق (2) میں ترمیم کی گئی ہے جو آئندہ چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے طریقہ کار سے متعلق ہے۔
ترمیم کے مطابق چیف جسٹس پاکستان وہ ہوگا جو سپریم کورٹ یا وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹسز میں سب سے سینئر ہو۔مزید یہ کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت صدرِ مملکت، وزیراعظم کی سفارش پر وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کی تقرری کریں گے۔
