ہر بھجن سنگھ، وقار یونس سمیت دیگر لیجنڈز کی موجودگی نے تقریب کو یادگار بنا دیا
کویت سٹی : ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 اور کویت کرکٹ بورڈ کے درمیان تاریخی شراکت کا جشن کویت سٹی میں ایک شاندار تقریب کے ساتھ منایا گیا۔ اس تقریب میں معروف کرکٹرز اور تبصرہ نگاروں ہر بھجن سنگھ، وقار یونس اور سابق نیوزی لینڈ کرکٹر سائمن ڈول نے شرکت کی۔ تقریب میں دونوں بورڈز کے اعلیٰ حکام کے علاوہ امارات کرکٹ بورڈ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ہر بھجن سنگھ، وقار یونس، اور سائمن ڈول جیسے لیجنڈز کی موجودگی نے تقریب کو یادگار بنا دیا، جبکہ علی ظفر کی شاندار پرفارمنس نے شام کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب کے دوران ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کے چیئرمین خالد الزرعونی، سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود اور کویت کرکٹ کے صدر حیدر فرمان نے لیگ کی ٹرافی کے ساتھ یادگار فوٹو سیشن میں شرکت کی۔ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کا سیزن 4 دو دسمبر 2025 کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن (عید الاتحاد) پر شاندار افتتاح کے ساتھ شروع ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 4جنوری 2026 کو کھیلا جائے گا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں 34 میچز شامل ہوں گے۔ شائقین میچز کے ٹکٹس ورجن میگاسٹور کے پلیٹ فارم tickets.ilt20.ae سے حاصل کرسکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اپنی پرفارمنس سے شرکاء کو محظوظ کیا، جبکہ کویت کرکٹ پلیئر ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے جن میں نمایاں کھلاڑیوں کو سراہا گیا۔
