راولپنڈی(آئی پی ایس )سعودی عرب نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل شمشاد مرزا کو کن عبدالعزیز میڈل آف آنر آف دی ایکسیلینٹ کلاس سے نوازا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نشان امتیاز ملٹری نے سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے ملاقات کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران عالمی اور خطے کی صورتحال سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں فوجی قیادتوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط بھائی چارے اور پائیدار دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا عزم دہرایا۔
اِس ملاقات کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصا فوجی سطح کے روابط کو مضبوط کرنے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کو کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر آف دی ایکسیلینٹ کلاس سے نوازا گیا۔دوسری جانب سعودی فوجی قیادت نے پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔
