اسلام آباد(سب نیوز)وزیر اعظم کی جعلی تصویر لگا کر ٹویٹ کرنے پر درج مقدمے کے معاملے میں پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
شاندانہ گلزار پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ چیلنج کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔
ذرائع کے مطابق شاندانہ گلزار نے مقدمہ چیلنج کرنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق بھی کروا لی ہے۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کے خلاف قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی مبینہ ملاقات سے متعلق جعلی ٹویٹ کرنے پر مقدمہ درج ہے ۔
واضح رہے کہ شاندانہ گلزار نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ شرم الشیخ کے دوران ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ وزیراعظم نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔ تاہم بعد ازاں ویڈیو جعلی ثابت ہونے پر شاندانہ گلزار نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے ویڈیو ہٹا دی تھی۔
جعلی ویڈیو پوسٹ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بعض صارفین نے ان کے خلاف پیکا کے تحت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اعظم کی جعلی تصویر پر درج مقدمے کے خلاف شاندانہ گلزار کاقانونی جنگ لڑنے کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
