اسلام آباد(سب نیوز) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سیاست پر سوالیہ نشان ہے، اگرچہ بلاول بھٹو کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت کے لیے بڑی خدمات ہیں، مگر موجودہ صورتحال میں مجھے مک مکا نظر آ رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ افسوس ناک امر ہے کہ عدالتوں میں کیسز سیاسی بنیادوں پر چلائے جا رہے ہیں، جس سے عدلیہ کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افتخار چوہدری جب کھڑے ہوئے تو پورا پاکستان ان کے ساتھ تھا، وہ ایک مثال ہیں۔کے پی کے ہاؤس میں پولیس کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی مقامات پر اس قسم کی کارروائیاں نفرتیں بڑھانے اور فیڈریشن کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ ایسے رویے ملک میں تقسیم اور نفرت کو ہوا دے رہے ہیں جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ حامد رضا نے بہت قربانیاں دی ہیں، ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کے کیسز جلد سنے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لارجر بینچ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونا بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ملک میں امن، انصاف اور قانون ناپید ہو چکا ہے۔ ضرورت ہے کہ عدالتیں اپنے بنیادی کردار کی طرف لوٹیں اور ججز اپنے ضمیر کے مطابق کھڑے ہوں۔
سابق اسپیکر نے کہا کہ اگر ججز کھڑے ہوں گے تو پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ تمام سیاسی قوتوں، ججز اور سول سوسائٹی سے توقع ہے کہ وہ آئین کی سربلندی کے لیے متحد ہوں گے، کیونکہ یہی پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے۔
پیپلز پارٹی کی سیاست پر سوالیہ نشان ہے، مجھے مک مکا نظر آ رہا ہے، اسد قیصر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
