بیجنگ : صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ جنوب جنوب تعاون کو گہرا کرنے اور افرادی و ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کو بہت اہمیت دی ہے اور اس کی فعال حمایت کی ہے۔جمعرات کے روز چینی میڈیا کے مطا بق صدر نے ان خیالات کا اظہار “گلوبل ساؤتھ میڈیا پارٹنرز” میکانزم کے
افتتاحی اجلاس اور 13 ویں عالمی ویڈیو میڈیا فورم کے اجلاس کے لئے ایک پیغام میں کیا جو کہ چین کے صوبہ شانشی کے شہر شی آن میں منعقد ہوا۔جمعرات کے روز اپنے تہنیتی پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے “گلوبل ساؤتھ میڈیا پارٹنرز” میکانزم کا قیام عالمی مواصلات کے ایک زیادہ منصفانہ، مساوی، متنوع اور جامع نئے منظرنامے کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ تفصیلات کے مطا بق سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے اور یوراگوئے کے صدر اولیواریس اولسی نے بھی مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔ 40 ممالک اور خطوں کی بین الاقوامی تنظیموں اور میڈیا گروپس کے سربراہان اور چین میں متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں کے نمائندوں سمیت 300 سے زائد مہمانوں نے اجلاس میں شرکت کی اور میڈیا تعاون کی کئی کامیابیوں کے اجراء کا مشاہدہ کیا۔
اپنے خطاب میں سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شن ہائی شیونگ نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ نے چینی اور غیرملکی میڈیا ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ طور پر عالمی گورننس میں میڈیا کی ذمہ داری پر غور کرنے کے لیے “گلوبل ساؤتھ میڈیا پارٹنرز” میکانزم کے قیام کا آغاز کیا ہے۔ چائنا میڈیا گروپ گلوبل ساؤتھ کے اپنے میڈیا پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ ایک زیادہ منصفانہ، جامع اور بہتر عالمی نظم و نسق کی تعمیر کے لیے میڈیا کا کردار اور طاقت فراہم کی جا سکے۔اب تک 114 ممالک اور خطوں کی 528 میڈیا تنظیمیں “گلوبل ساؤتھ میڈیا پارٹنرز” میکانزم میں شامل ہو چکی ہیں۔ تقریب میں “گلوبل ساؤتھ” میڈیا ٹریننگ بیس کاا فتتاح کیا گیا۔
