اسلام آباد (سب نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی گیسٹ ہاؤسز اور ہاسٹلز کیخلاف سی ڈی اے کی کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے سی ڈی اے کو کارروائی سے روکنے کا حکم امتناع واپس لے لیا۔
سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کی، جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے بیرسٹر بلال نصیر پیش ہوئے۔ عدالت نے کارروائی کیخلاف دائر دو درخواستیں واپس لئے جانے پر خارج کر دیں اور تین درخواستیں عدم پیروی پر نمٹا دیں۔
سماعت کے دوران سی ڈی اے کے وکیل بیرسٹر بلال نصیر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ غیر قانونی ہاسٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کیخلاف کارروائی روکنے کے لیے جعلی نوٹیفکیشن اور جعلی نوٹسز استعمال کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ زوننگ قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی سے بچنے کے لیے فیک دستاویزات کا سہارا لیا گیا۔
عدالت نے تمام درخواستیں نمٹاتے ہوئے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی ہاسٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے۔
 
                                    
