Friday, October 31, 2025
ہومآزاد کشمیروزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد کا فیصلہ کن مرحلہ، پیپلزپارٹی کی بڑی بیٹھک آج ہوگی

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد کا فیصلہ کن مرحلہ، پیپلزپارٹی کی بڑی بیٹھک آج ہوگی

اسلام آباد(آئی پی ایس) آزادکشمیر میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کا معاملہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی آج شام اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں اجلاس کرے گی، جس میں نئے وزیراعظم کے نام پر آخری فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں صرف وزیراعظم کے نام ہی نہیں بلکہ پاور شیئرنگ کے فارمولے اور دیگر اہم سیاسی معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والی یہ نشست پارٹی کے لیے اہم فیصلہ ساز ثابت ہوگی۔
پیپلزپارٹی کے اندر مختلف آراء کے باوجود آج کے اجلاس میں ایک حتمی رائے متوقع ہے، جس کے بعد نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اجلاس آزادکشمیر کی سیاست میں ایک اہم موڑ ثابت ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں نیا ڈیڈ لاک برقرار ہے ، مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کیلئے قبل از وقت انتخابات کی شرط رکھ دی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنرکی تعیناتی سمیت دیگر آئینی لوازمات پورے کرنے کے بعد قبل ازوقت انتخابات کرائے جائیں تو عدم اعتماد میں ساتھ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کا موقف ہے کہ آزادکشمیر میں نئے انتخابات ہی سیاسی استحکام لاسکتے ہیں، پیپلزپارٹی اربوں روپے کے فنڈز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر سکتی ہے، پیپلزپارٹی ہزاروں سرکاری ملازمتوں سے بھی انتخابات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
ن لیگی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کو بھی آزاد کشمیر حکومت میں شامل کرنے کی خواہاں ہے ، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی اعلی قیادت کی معاملہ حل کرنے کیلئے دوبارہ بیٹھک ہو گی۔ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیکر پھر اپوزیشن میں اسی لئے بیٹھیں گے تاکہ فوری انتخابات کرائے جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔