اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیراعظم شہبازشریف نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور پاک افغان کشیدگی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آصف علی زرداری کی ملاقات ایوان صدر میں ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بلاول بھٹوزرداری، وزیرداخلہ محسن نقوی، راجہ پرویز اشرف، طارق فضل چوہدری، فاروق ایچ نائیک اور شیری رحمان بھی شریک ہوئیں۔اس کے علاوہ وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ ، وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے بھی شرکت کی جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار وڈیولنک پر ملاقات میں شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے صدرمملکت کو دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اعتماد میں لیا،ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے وزیراعظم آزاد کشمیرکے نام اور حکومت سازی پر بھی بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے حکومتی اور سیاسی معاملات پر صدر کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں پاک افغان کشیدگی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
 
                                    
