Friday, October 24, 2025
ہومتازہ ترینانٹی کرپشن کا چھاپہ،یونیسیف کے ڈاکٹر طفیل دوہری ملازمت کے الزام میں گرفتار

انٹی کرپشن کا چھاپہ،یونیسیف کے ڈاکٹر طفیل دوہری ملازمت کے الزام میں گرفتار


پشاور:محکمہ انٹی کرپشن نے ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو خیبرپختونخوا پر چھاپہ مار کر اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال (یونیسیف) کے پولیو پروگرام سے وابستہ ڈاکٹر طفیل کو بیک وقت دو ملازمتیں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق محکمہ انٹی کرپشن حکام کو اطلاع ملی تھی کہ یونیسیف کے انسداد پولیو پروگرام کے ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر طفیل غیرقانونی طور پر خیبر میڈیکل کالج پشاور کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن میں بطور ٹرینی میڈیکل آفیسر بھی کام کر رہے ہیں اور جنوری 2023ء سے دونوں جگہوں سے مالی مراعات لے رہے تھے۔

اس اطلاع پر محکمہ انٹی کرپشن نے چھان بین کرکے شواہد اور ثبوت اکٹھے کئے جس کے بعد محکمہ انٹی کرپشن کے سرکل افسر ہمایون خان کی قیادت میں ایک ٹیم نے سابق فاٹا سیکرٹریٹ میں واقع ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو پر چھاپہ مار کر ڈاکٹر طفیل کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد ڈاکٹر طفیل کو پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر طفیل کے خلاف دوہری ملازمت کا کیس کافی عرصہ سے منظر عام پر آگیا تھا تاہم انہیں انسداد پولیو پروگرام اور

یونیسیف کے بعض اعلیٰ حکام کی پشت پناہی حاصل ہونے کے باعث وہ قانون کی گرفت میں نہ آ سکے تھے۔ شکایات کے باوجود اس بے قاعدگی پر انسداد پولیو کے اعلی حکام کی اس چشم پوشی نے پولیو پروگرام کی شفافیت پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انٹی کرپشن حکام ان عناصر حکام کے معاملات کی بھی چھان بین کر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔