لاہور(آئی پی ایس) پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملنے دیا جائے خان سے ملاقات سے روک کر اچھا نہیں کیا گیا۔
جمعہ کو پشاور میں خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی کے ساتھ ملاقات سے روکنے کے حق میں نہیں۔
انہوں نے حکومتی اتحاد میں شمولیت کے حوالے سے کہا کہ الیکشن کے بعد حکومت بنانے کے لیے دونوں جماعتوں نے ملنا ہی تھا تاہم اس سے پیپلز پارٹی کو نقصان ہوا، تاہم ملک کی بہتری کے لیے اپنا نقصان برداشت کرنے کو بھی تیار ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ’مسلم لیگ ن سے اتحاد محبت کا نہیں، مجبوری کا رشتہ ہے۔‘
سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ’شہباز شریف ملک کے وزیراعظم ہیں، خیبرپختونخوا کے ساتھ تعلقات بہتر کریں۔‘
ان کے بقول ’سیاسی اختلاف رکھیں مگر صوبے کے عوام کو ان کا حق دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو اپنے حقوق لینے کے لیے سیاسی طریقہ کار اپنانا ہو گا اور اچھے ورکنگ ریلیشن شپ سے صوبے کو حقوق دلوانا ہوں گے۔
ان کے مطابق ’آج خیبر پختونخوا میں شہد کی نہریں نہیں بہہ رہیں لیکن بہتری آئی ہے۔‘
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری طرف سے صوبائی حکومت کے لیے دروازے کھلے ہیں، وہ آئے اور اپنے صوبے کے حقوق کا مقدمہ بنائیں اور سیاسی طور پر اس کو حل کریں۔
ان کے مطابق ’سیاست تو ہم اپنی اپنی کرتے رہیں گے لیکن صوبے کے امن، خوشحالی اور حق کی راہ میں گورنر ہاؤس کوئی رکاوٹ نہیں بنے گا بلکہ پل کا کردار ادا کرے گا۔‘
سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملنے دیں، کوئی قیامت نہیں آ جائے گی: گورنر پنجاب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
