Friday, October 24, 2025
ہومبریکنگ نیوزلاہور اور بہاولپور سے خاتون اور کم سن بچیوں کے مبینہ اغوا کا معاملہ، عدالت نے اعلیٰ حکام کو طلب کرلیا

لاہور اور بہاولپور سے خاتون اور کم سن بچیوں کے مبینہ اغوا کا معاملہ، عدالت نے اعلیٰ حکام کو طلب کرلیا

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاہور اور بہاولپور سے خاتون اور کم سن بچیوں کے مبینہ اغوا کے معاملے پر متاثرہ خاندان کے خلاف درج مقدمات کے اخراج کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی ایس پی سی آئی اے کو منگل کے روز ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو جے آئی ٹی تشکیل دے کر بچیوں کے اغوا کے معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ لاہور سے 17 ستمبر کو تین بچیوں اور ان کی والدہ کو اٹھایا گیا، جبکہ پولیس نے 20 ستمبر کو ترنول پولیس اسٹیشن میں انہی بچیوں اور ان کی والدہ کو ایف آئی آر میں نامزد کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، جو انتہائی تشویشناک عمل ہے۔عدالت نے کیس میں شامل تفتیشی افسر کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ “کیوں نہ آپ کو گھر بھیج دیا جائے”۔دورانِ سماعت عدالت میں بچوں اور گھریلو خاتون سمیت گھر کا سامان، کیش اور گاڑیاں اٹھانے کی ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعلیٰ پولیس و تحقیقاتی حکام کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔