Wednesday, October 22, 2025
ہومتازہ ترینبھارت اور افغان طالبان کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے

بھارت اور افغان طالبان کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے

کابل (آئی پی ایس )بھارت اور افغان طالبان کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے،طالبان وزیر خارجہ کے دورے کے فوری بعد بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنا سفارت خانہ بحال کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزرات خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں موجود بھارت کے تکنیکی مشن کا درجہ بڑھا کر اب باضابطہ طور پر سفارت خانہ کیا جا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں سفارت خانے کی بحالی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ جس سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق، بحال شدہ بھارتی سفارتخانہ افغانستان کی جامع ترقی، انسانی امداد اور استعداد کار میں اضافے کے منصوبوں میں بھرپور حصہ لے گا اور یہ سب کچھ افغان عوام کی ضروریات اور خواہشات کے مطابق کیا جائے گا۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ دنوں افغان وزیرِ خارجہ کے دور بھارت کے دوران کیاگیا تھا۔یاد رہے کہ اگست 2021 میں طالبان کے افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بھارت نے اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا تاہم ایک سال بعد تکنیکی مشن قائم کیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔