Wednesday, October 22, 2025
ہومتازہ ترینوزارت امور کشمیر کا 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ بھرپور جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ

وزارت امور کشمیر کا 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ بھرپور جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ

اسکردو(آئی پی ایس )وزارت امور کشمیر نے 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ بھرپور جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

امیر مقام نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں، بھارت کے مظالم آج بھی جاری ہزاروں کشمیری شہید و قید کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہو رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔ وزارتِ امورِ کشمیر نے یومِ سیاہ کے لیے نیا لائحہ عمل تیار کرلیا۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کاوشوں کو سراہا گیا اور یومِ سیاہ پر مشترکہ پیغام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اے پی ایچ سی رہنما شیخ متین نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں، یومِ سیاہ کی تمام ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں گے، بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے بھی یومِ سیاہ کی سرگرمیاں منعقد کریں گے، قومی میڈیا کو تمام سرگرمیوں سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔اجلاس میں وزارتِ خارجہ، داخلہ، اطلاعات، مواصلات سمیت متعدد اداروں نے شرکت کی۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔یاد رہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا، کشمیری عوام ہر سال 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ مناتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔