Wednesday, October 22, 2025
ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عدالتی حکم معطل

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عدالتی حکم معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق حکم کو معطل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے، سنگل بینچ کے اُس حکم کو معطل کر دیا جس میں 120 روز میں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سنگل بینچ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پراپرٹی ٹیکس کیس میں فیصلہ دیتے ہوئے حکومت کو چار ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔
سنگل بینچ نے اپنے فیصلے کے پیراگراف 29 میں یہ ہدایت شامل کی تھی۔

ایم سی آئی (میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد) کی جانب سے کاشف ملک ایڈوکیٹ نے انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی، جس میں پراپرٹی ٹیکس سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔
ایم سی آئی نے مجموعی طور پر 16 اپیلیں دائر کی تھیں جن پر عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ دیا۔

ڈویژن بینچ کے حکم کے بعد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق عملدرآمد فی الحال روک دیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔