لاہور(آئی پی ایس)پاکستان کے سابق کرکٹر راشد لطیف نے محمد رضوان کو ون ڈے کپتانی سے ہٹائے جانے سے متعلق حیران کن دعویٰ کیا ہے۔
حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شاہین آفریدی کو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور اس سے قبل محمد رضوان ون ڈے ٹیم کی کپتانی کررہے تھے۔
سوشل میڈیا پر سابق کپتان راشد لطیف کا ایک صحافی کو دیا گیا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں راشد لطیف محمد رضوان کو کپتانی سے ہٹائے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’ محمد رضوان نے فلسطین کا جھنڈا اٹھالیا تو کیا آپ اس کو کپتانی سے ہٹادیں گے؟ ‘
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ’اس صورتحال سے یہ مائنڈ سیٹ آگیا ہے کہ ایک اسلامی ملک کا کپتان غیر اسلامی کپتان ہوگا‘۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ’قومی ٹیم کے وائٹ بال ہیڈکوچ مائیک ہیسن کی 5 سے 6 لوگوں کی ٹیم ہے، مائیک ہیسن کو ڈریسنگ روم میں یہ کلچر پسند نہیں آتا، ان لوگوں کو سمجھ کیوں نہیں آرہا‘۔
راشد لطیف نے کہا کہ ’ جب انضمام الحق ، ثقلین مشتاق ، سعید انور ٹیم کا حصہ تھے اس وقت ہمیں ان چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا‘۔
واضح رہے کہ 2023 کے ورلڈ کپ کے دوران محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف کامیابی کو ’غزہ کے بھائیوں اور بہنوں‘ کے نام کیا تھا۔
دوسری جانب رواں برس پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ہی فلسطین کے بچوں کی امداد کیلئے ملتان سلطانز کے ہر چھکے اور ہر وکٹ پر 1 لاکھ روپے کی رقم فلسطین چلڈرن ریلیف فنڈ کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔