Wednesday, October 22, 2025
ہومدنیامشرق وسطی کے ممالک نے غزہ میں حماس کیخلاف لڑنے کی پیشکش کی ہے، ٹرمپ کا دعوی

مشرق وسطی کے ممالک نے غزہ میں حماس کیخلاف لڑنے کی پیشکش کی ہے، ٹرمپ کا دعوی

واشنگٹن (آئی پی ایس )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حماس کو دھمکاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ امن معاہدے کی خلاف ورزی کرے گی تو مشرق وسطی کے اتحادی ممالک بڑی فوجی قوت کے ساتھ غزہ میں داخل ہوکر اسے سیدھا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ مشرقِ وسطی اور اس کے گرد و نواح میں ہمارے اب بہت عظیم اتحادی ممالک نے صاف، زبردست اور پرجوش انداز میں مجھے بتایا ہے کہ اگر حماس ہمارے ساتھ کیے گئے اپنے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے برا برتا جاری رکھتی ہے، اور اگر میں درخواست کروں تو وہ غزہ میں ایک بڑی فوجی قوت کے ساتھ داخل ہو کر حماس کو سیدھا کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ مشرق وسطی کے لیے جو محبت اور جذبہ آج نظر آ رہا ہے، وہ ہزار سال سے نہیں دیکھا گیا،یہ ایک نہایت خوبصورت منظر ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں نے ان ممالک اور اسرائیل سے کہا ہے کہ ابھی نہیں، ابھی بھی امید باقی ہے کہ حماس درست راستہ اختیار کرے گی، اور اگر اس نے ایسا نہ کیا تو حماس کا خاتمہ تیز، شدید اور بیرحمانہ ہوگا،امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے مدد کے لیے فون کیا۔انہوں نے کہا کہ میں عظیم اور طاقتور ملک انڈونیشیا اور اس کے شاندار رہنما کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے مشرقِ وسطی اور امریکا کے لیے جو تعاون اور مدد فراہم کی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔