اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے انتظامات کے لیے پنجاب حکومت کو ہدایت کر دی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے ثقافت، سیاحت و ورثہ حذیفہ رحمن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومت کو کہا ہے کہ وہ سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کروائیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آنے والے چند دنوں میں یہ ملاقات ہو جائے گی، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو کہا ہے اس ملاقات کے انتظامات کروائے جائیں تاکہ خیبرپختونخوا میں کابینہ کی تشکیل ممکن ہو سکے۔وزیر مملکت نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق صوبائی حکومت اس حوالے سے میکنزم تیار کر رہی ہے جس کے بعد جلد ملاقات کا امکان ہے۔
حذیفہ رحمن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو عہدہ سنبھالنے پر کال کر کے مبارک باد دی، تاہم انہوں نے اس کا مثبت جواب نہیں دیا اور میڈیا میں غلط بیانی کی، صوبے کے وزیر اعلی کو زیب نہیں دیتا کہ وہ وزیراعظم پر تہمت لگائیں۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ دھمکیاں دینا، نہ تو انہیں اور نہ ہی ہمیں زیب دیتا ہے، سب نے مل کر ملک کے لیے کام کرنا ہے، خیبرپختونخوا میں حالات سب کے سامنے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کو اشد ضرورت ہے کہ ہم ان کی سپورٹ کریں اور ہمیں اشد ضرورت ہے کہ سہیل آفریدی وہاں کی درست صورتحال ہمارے سامنے رکھیں اور جو فیصلہ وفاق کی سطح پر ہوں، انہیں درست انداز میں وہاں جا کر اس پر عمل درآمد کریں۔
وزیراعظم نے سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کیلئے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔