اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کے تحت مصر نے پاکستان کو ادویات کا عطیہ دیا۔وزارت صحت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی چیف آف مشن، عرب جمہوریہ مصر، اور عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندہ شریک ہیں۔
وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، حکومت مصر کے انسان دوست اقدام قابلِ ستائش ہے ،مصر نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے حوالے سے مثالی کامیابی حاصل کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پوری دنیا کے لیے ایک رول ماڈل ہے، پاکستان بھی اسی ماڈل سے سیکھتے ہوئے اپنے قومی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ اس عطیہ سے پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خلاف جاری مہم کو نہ صرف تقویت ملے گی بلکہ صحت عامہ کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز بھی ہوگا۔دوسری جانب ڈپٹی چیف آف مشن مصر کا کہنا تھا کہ یہ ادویات محض عطیہ نہیں بلکہ پاکستان اور مصر کے دیرینہ تعلقات کا عملی اظہار ہیں، ادویات خاص طور پر مستحق اور کمزور طبقات کے علاج معالجے میں استعمال ہوں گی۔