اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختون میں مختلف حلقوں میں قومی اورصوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات فوج، رینجرز اورایف سی کی سیکیورٹی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185 ڈی جی خان، این اے 18 ہری پور، این اے ون چترال، پی پی269 مظفرگڑھ، پی پی 115 اور پی پی 116 فیصل آباد میں 23 نومبر کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خط کے مطابق ضمنی انتخابات کو پرامن طریقے سے منعقد کرنے اور پولنگ ڈے پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فوج ، رینجرز اور ایف سی کی آرٹیکل 220 کے تحت الیکشن کمیشن کی معاونت کے لیے تعیناتی مانگی ہے۔اس ضمن میں وفاقی حکومت سے فوج، رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کے لیے درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کے باہر 22 سے 24 نومبر 2025 تک پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے فوج ، رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی طلب کی ہے۔الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسر کے آفس سے پولنگ اسٹیشنز تک انتخابی سامان کی ترسیل کے وقت، پولنگ کے اختتام کے بعد پولنگ اسٹیشنز سے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر تک عملے اور انتخابی سامان کی منتقلی کے وقت، غیر سرکاری نتائج کی تیاری کے دوران، ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے نتائج کی کونسلی ڈیشن اور انتخابی سامان کو اسٹرانگ روم میں جمع کرانے کے وقت فوج، رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی مانگی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے مذکورہ حلقوں میں آرمی، رینجرز اور ایف سی کی موبائل ویجیلنس ٹیمیں یا کویک ری ایکشن فورس کی تعیناتی بھی مانگی ہے تاکہ ایک جامع حفاظتی نظام کے تحت پرامن ماحول فراہم کیا جاسکے۔