ماسکو (سب نیوز)روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے سیزفائر کو خطے میں امن کے قیام کیلئے اہم قدم قرار دیا ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ایک بیان میں کہا کہ ہم کابل اور اسلام آباد کے درمیان قطری اور ترک حکام کی ثالثی سے طے پانے والے دوطرفہ سیزفائر معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا بات چیت کے ذریعے اختلافات حل کرنے کا عزم خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ماریا زاخارووا نے مزید کہا کہ ہم کابل اور اسلام آباد پر زور دیتے ہیں کہ وہ باہمی تعاون کو فروغ دیں، بالخصوص دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں۔