اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی راندھاوا نے پریزیڈنٹ آغا خان یونیورسٹی ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین، آغا خان بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین ذاکر محمود و دیگر ممبران سے منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے آغا خان یونیورسٹی کے پریزیڈنٹ اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبران کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز آمد پر خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں اسلام آباد میں آغا خان یونیورسٹی کے تحت ایک جدید ترین ٹیچنگ و ٹرثری کیئر ہسپتال کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔پریزیڈنٹ آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے اسلام آباد میں اعلی معیار کی میڈیکل ٹیچنگ و بہترین طبی خدمات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایک مربوط ٹیچنگ و ریسرچ اور بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں اسلام آباد میں آغا خان یونیورسٹی کے ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کے لئے پرائم لوکیشن سمیت عوام کے لیے آسان قابل رسائی جگہ مختص کرنے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے آغا خان یونیورسٹی کے ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی کا یہ منصوبہ اسلام آباد کی صحت و میڈیکل کی تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مزید برآں یہ کہ آغا خان یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال نہ صرف طبی خدمات بلکہ تحقیق و تعلیم کے میدان میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ آغا خان یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال کی آمد سے نہ صرف جڑواں بلکہ پنجاب و خیبرپختونخواہ کے مریضوں کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات میسر ہونگی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اسی مقصد کے تحت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ دارلحکومت کو صاف ،سرسبزاور جدید خطوط پر استوارکرنے سمیت شہریوں کو صحت جیسی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔