اسلام آباد (آئی پی ایس )ہائیکورٹ نے زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دیدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کے نیب فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے جائیداد نیلامی کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔
جائیداد نیلامی کے نیب کے فیصلے کیخلاف زلفی بخاری کی ہمشیرہ سکینہ بخاری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا تھا۔درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ نیلامی کا عمل جاری ہے لیکن ہمیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔ اشتہار جاری ہوا تو اس سے ہمیں نیلامی کا علم ہوا۔ جائیداد کس نے خریدی ہے اس کے کوئی دستاویزات بھی سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ تقریبا اکیس سو کنال مشترکہ اراضی ہے جس کی تقسیم ابھی نہیں ہوئی۔ دیگر مالکان بھی ہیں لیکن میں صرف سکینہ بخاری کا وکیل ہوں۔بعد ازاں عدالت نے زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دیتے ہوئے نیب سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا اور کیس کی سماعت نومبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔