Tuesday, October 21, 2025
ہومٹاپ سٹوریحکومت نے سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیدادیں سیل کر دیں

حکومت نے سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیدادیں سیل کر دیں

لاہور (آئی پی ایس) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس اور مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کر دی گئی ہے، اس مذہبی جماعت کی لیڈرشپ کو تین ٹئیرز میں تقسیم کیا گیا ہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن چل رہا ہے۔

ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب نے سیلاب زدگان سے کیا وعدہ پورا کر دیا ہے، وزیر اعلی پنجاب نے تینتیس موبائل پولیس اسٹیشنز کا افتتاح کر دیا ہے، ان میں سے سات پنک موبائل پولیس اسٹیشنز ہیں، پنک موبائل پولیس اسٹیشنز میں خواتین پولیس اہلکار بیٹھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ موبائل پولیس اسٹیشنز کے شیڈول کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے گا، علاقے کے لوگوں کو پتا ہوگا موبائل پولیس اسٹیشنز ان کے علاقے میں موجود ہوں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مرید کے کے اپریشنز میں 3 سویلینز کی شہادتیں جبکہ آڑتالیس زخمی ہوئے، ایک سو اٹھارہ پولیس اہلکار گولیوں سے زخمی ہوئے، آٹھ پولیس وینز اسلحہ سمیت پولیس سے چھینی گئیں، اسی اسلحے سے پولیس پر حملہ کیا گیا، اینٹوں سے بھری ہوئی ٹرالیوں کی مدد سے پولیس پر حملہ کیا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مذہبی جماعت کا سوشل میڈیا سیل آج بھی پراپیگنڈا کر رہا ہے، ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو چھینا گیا اور ان پر سفر کیا، ریسکیو ون ون ٹو ٹو کی گاڑیاں بھی چھینی گئی، عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین نے سیف سٹی کے کیمرے توڑ دئیے تاکہ ثبوت نہ ہو سکیں، تمام حملوں کی باقاعدہ فوٹیجیز موجود ہیں، شاہدرہ میں بھی پولیس اہلکار پر تشدد کی ویڈیو موجود ہے، غزہ اور فلسطین کو آزادی دلوانے کے نام پر لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے نام پر لاکھوں روپے چندہ اکھٹا کیا گیا۔ ایک کلو نو سو بیس گرام سونا، 898 گرام چاندی، اٹھائیس سونے کے کنگن مذہبی جماعت کے لیڈر کے گھر سے برآمد ہوئے، انہوں نے اپنے ہیڈکوارٹرز کے اردگرد بےنامی جائیدادیں خرید رکھی تھیں، وفاداروں کی ایک ٹیم اکھٹی کی گئی اور ان کے لئے رہائش گاہ کا بھی بندوبست کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سیاستدانوں اور صحافیوں کو دھمکی دینے کےلئے باقاعدہ آرگنائزڈ سیل بنایا گیا، میری والدین اور بچوں سے گزارش ہے کہ اسلام کے نام پر استعمال نہ ہو، کسی کی قبر کو کہیں منتقل نہیں کیا جا رہا ہے، قبر کا استعمال کر کے چندہ اکھٹا کرنے اور اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اڑتیس سو افراد مذہبی جماعت کی باقاعدہ فنڈنگ کرتے رہے ہیں، فنڈنگ کرنے والوں کے اکاؤنٹس فریز ہیں، اگر کسی نے ان کو فنڈنگ کی کوشش کی تو ان کے خلاف دہشتگردی کے پرچے دیں گے، سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی مسجد بھی مسمار نہیں کی جا رہی، اس مذہبی جماعت کی تمام مساجد کو اوقاف کے حوالے کردیا جائے گا، یہ کارروائی کسی مخصوص مذہبی گروہ کے خلاف نہیں کی جا رہی ہے، یہ کارروائی ایک مخصوص مائنڈ سیٹ کے خلاف کارروائی ضرور کی جارہی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ تین سو تیس مساجد کو حکومت نے ٹیک اوور کر لیا ہے، تمام مساجد کھلیں ہیں اور نماز کے لئے استعمال ہو رہی ہے، دوسو تئیس مدرسوں کی جیو ٹیگنگ کر لی گئی ہے، اس مذہبی جماعت کے مدرسے بھی جلد کھول دئے جائے گے، اہلسنت و الجماعت کے علماء کو ان مدارس کا کنٹرول دیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ والدین سے درخواست ہے کہ اپنے بچوں کا خیال کریں، اس جماعت کے چھ مدرسے حکومتی زمین پر بنے ہوئے تھے، مذہبی جماعت کے خلاف مقدمات کے لئے اسپیشل پراسیکیوشن سیل قائم کر دیا گیا یے، حکومت اس مذہبی جماعت کے خلاف عدالتی کارروائی کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تینتیس دہشت گردی کے مقدمات میں نامزد افراد کو گرفتار کیا جائے گا، دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت کو اس مذہبی جماعت کو بین کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے، امید ہے کہ اس شرپسند جماعت کو جلد بین کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس اور مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کر دی گئی ہے، اس مذہبی جماعت کی لیڈرشپ کو تین ٹئیرز میں تقسیم کیا گیا ہے، ان کے خلاف کریک ڈاؤن چل رہا ہے، اس شرپسند جماعت سے متعلق تمام اکاؤنٹس کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے بیرون ملک بیٹھے افراد اس میں تیل ڈال رہے ہیں، تحریک فساد اور یہ دہشت گرد گروپ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، اپریل دوہزار بیس میں تحریک فساد نے اس جماعت سے کیا کیا کون نہیں جانتا، رضوی برادران کو پناہ دینے والوں سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو بھی مالی طور یا کسی بھی طرح ان کو سپورٹ کرے گا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، یہ لوگوں کو ڈرا دھمکا کر چپ کروا دئتے تھے، ہم کسی ووٹ بینک یا الیکشن کے بارے میں نہیں سوچ رہے، ہم اس وقت اس صوبے کے عوام کی خوشحالی کا سوچ رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔