اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصل آباد اور ساہیوال کے پانچ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق ضمنی انتخابات این اے96، این اے104، این اے143، پی پی98 اور پی پی203 میں منعقد ہوں گے۔
شیڈول کے تحت ریٹرننگ آفیسرز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 24 اکتوبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اپیلٹ ٹریبونلز ان اپیلوں پر فیصلے 31 اکتوبر تک سنائیں گے۔ترجمان کے مطابق امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست یکم نومبر کو شائع کی جائے گی اور دستبرداری کی آخری تاریخ 3 نومبر مقرر کی گئی ہے۔انتخابی نشانات4 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔ضمنی انتخابات میں پولنگ23 نومبر2025 کو ہوگی۔ ترجمان کے مطابق شیڈول الیکشن ایکٹ2017 کے تحت جاری کیا گیا ہے، اور الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں اور متعلقہ اداروں کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔