اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)محمد علی رندھاوا سے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرزمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر انجینرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفند یار بلوچ اور ممبر فنانس طاہر نعیم سمیت ڈی جی ریسورس اور ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر بھی شریک تھے.
ملاقات میں اسلام آباد میں ٹینس کے فروغ، ٹینس کورٹس کی اپ لفٹنگ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو شہر میں موجود ٹینس کورٹس کی اپ لفٹنگ کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرے گا. اس سلسلے میں سی ڈی اے کا انجینئرنگ وِنگ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ساتھ مل کر ٹینس کورٹس کا سروے اور اپ لفٹنگ کے کام کا جلد آغاز کرے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں ٹینس کے فروغ کے لیے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو اسپورٹس فرینڈلی شہر بنانے کے لیے سی ڈی اے مختلف کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی اور گرانڈز کی اپ گریڈیشن پر عملی اقدامات کر رہا ہے اور مختلف کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ سی ڈی اے اور پی ٹی ایف کے اشتراک سے نہ صرف ٹینس کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کا انعقاد بھی اسلام آباد میں ممکن ہوگا۔ بین الاقوامی معیار کے ٹینس کورٹس کی تعمیر سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ملک کی نمائندگی کے بہترین مواقع بھی میسر آئیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے نے عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کے شہریوں، خصوصا نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔