بیجنگ (آئی پی ایس )چین نے پاک افغان سیز فائر معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے دوست اور ہمسایہ ہیں، امید ہے آئندہ دونوں ملک اپنے مسائل بات چیت اور مشاورت سے حل کریں گے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے دوست اور ہمسایہ ہیں، چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، معاہدے میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ممالک کا اقدام قابل ستائش ہے، امید ہے آئندہ دونوں ملک اپنے مسائل بات چیت اور مشاورت سے حل کریں گے، خطے میں جامع اور پائیدار امن کیلئے دونوں ملک تعاون جاری رکھیں گے، پاک افغان تعلقات میں بہتری کیلئے چین کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان 18 اکتوبر کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں مذاکرات کا آغاز ہوا تھا جہاں پاکستان کے وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی جبکہ افغان طالبان کے وفد کی قیادت ملا یعقوب کر رہے تھے ۔مذاکرات میں کامیابی کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین سیز فائر کا معاہدہ طے پاگیا ہے، پاکستان کی سرزمین پہ افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا، دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔