لاہور/خوشاب (آئی پی ایس )غذائی دہشت گردوں کے خلاف معزز عدالتیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شانہ بشانہ،مردار گوشت کا مکروہ دھندہ کرنے والے 3مقدمات میں ملوث ملزمان کو سزائیں سنا دی گئی ،ملزمان محمد علی اور محمد طارق کو 3سال قید اور فی کس 6لاکھ 50ہزار جرمانہ عائد،سہیل عمران، سہیل ابرار اور مہدی حسن کو فی کس 2سال 6ماہ قید اور 11لاکھ جرمانہ عائد
ڈی جی فوڈاتھارٹی نے افسران کومزاحمت کے باوجود اپنے فرائض بہادری سے ادا کرنے پرشاباش دی اور کہا کہ معزز عدالت کی جانب سے مقدمہ نمبر 592/24، 93/24 اور 94/24 میں ملزمان اور سزائیں سنائی گئیں، بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروایا گیا، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 12ستمبر 2024 کو غیر قانونی میٹ سٹوریج سے 460 کلو ناقص گوشت تلف کیا، موقع پر ویٹرنری سپیشلسٹ نے گوشت کو انسانی استعمال کے مضر قرار دیا تھا۔
عاصم جاوید کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل اور ٹیموں کی طویل کوششوں اور دلائل کے بعد ملزمان کو سزا سنوائی گئی، فوڈ اتھارٹی ٹیموں کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں روزانہ کی بنیاد پر پر تشدد مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ فوڈ سیفٹی آفیسرز سخت موسم ہو یا تہوار، چھٹی ہو یا کام کا دن بلا تعطل اپنے فرائض کی ادائیگی جاری رکھے ہوئے ہیں، ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والے عناصر کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، بیمار کم عمر جانوروں کے گوشت کی سپلائی اور فروخت میں ملوث افراد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ہمارا مقصد محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے،صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کے گرد شکنجہ سخت، کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔