اسلام آباد (آئی پی ایس) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن محمد عثمان کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں مغوی کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 365 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں مغوی کی اہلیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے شوہر محمد عثمان کو نامعلوم افراد زبردستی لے گئے ہیں اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔ انہوں نے اپیل کی کہ ”میرے خاوند کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔“
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مغوی کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔