Monday, October 20, 2025
ہومتازہ ترینزون فائیو ہاؤسنگ اسکیم کا معاملہ پھر گرم، سی ڈی اے نے او پی ایف کے خلاف نوٹس جاری کر دیا،کاپی سب نیوز پر

زون فائیو ہاؤسنگ اسکیم کا معاملہ پھر گرم، سی ڈی اے نے او پی ایف کے خلاف نوٹس جاری کر دیا،کاپی سب نیوز پر

اسلام آباد (سب نیوز)کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے پلاننگ ونگ، ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز نے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) کو ’’او پی ایف ہاؤسنگ اسکیم زون فائیو‘‘ کے حوالے سے شرائط کی عدم تکمیل پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
سب نیوز کو موصول نوٹس کے مطابق ’’او پی ایف ہاؤسنگ اسکیم‘‘ کا ابتدائی لے آؤٹ پلان 17 مئی 2002 کو سی ڈی اے کی جانب سے منظور کیا گیا تھا۔ بعد ازاں 8 اکتوبر 2011 کو ترقیاتی کام شروع کرنے کے لیے این او سی جاری کیا گیا، جبکہ منصوبہ مکمل کرنے کی آخری تاریخ 8 اکتوبر 2017 مقرر کی گئی تھی۔ تاہم 14 سال گزرنے کے باوجود منصوبے کے ترقیاتی کام مکمل نہیں کیے گئے۔
سی ڈی اے نے او پی ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ 14 مارچ 2025 تک 131.124 ملین روپے توسیعی چارجز کی مد میں جمع کرائے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دستاویز کے مطابق اسکیم کے پہلے ترمیم شدہ لے آؤٹ پلان کو 20 جنوری 2021 کو اور دوسرے ترمیم شدہ لے آؤٹ پلان کو 12 جون 2023 کو منظور کیا گیا تھا، جو مخصوص شرائط و ضوابط کے تحت مشروط ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ او پی ایف نے ابھی تک منصوبے کا لے آؤٹ پلان قومی اخبارات میں شائع نہیں کرایا، جو کہ منظور شدہ شرائط میں شامل ہے، البتہ اسکیم کی منظوری سے متعلقہ فارم سی ڈی اے کو جمع کرا دیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔