لاہور(آئی پی ایس) پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 93 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کردیا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 183 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پہلی اننگز کے سنچورین ٹونی ڈی زورزی (16) تیسری ہی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے۔ 55 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹرسٹان اسٹبس نعمان علی کا شکار بن گئے۔رائن ریکلٹن اور ڈیوالڈ بریوس نے 73 رنز کی پارٹنرشپ کرکے اپنی ٹیم کو جیت کی کچھ امید دلائی تاہم ڈیوالڈ بریوس 54 رنز پر نعمان علی کی شاندار گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مجموعی اسکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد رائن ریکلٹن (45) بھی پویلین لوٹ گئے۔کھانے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین آفریدی نے چار، چار جبکہ ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں