Monday, October 20, 2025
ہومٹاپ سٹوریمعاشی استحکام کی جانب اہم قدم، پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیا

معاشی استحکام کی جانب اہم قدم، پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیا

واشنگٹن:(آئی پی ایس)
پاکستان کو معاشی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل ہو گئی ہے، جہاں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت پاکستان کے ساتھ 1.2 ارب ڈالر کے قرض پروگرام پر اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

معاہدے پر حتمی فیصلہ اب آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے، جس کے بعد پاکستان کو یہ رقم جاری کی جائے گی۔

آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا معاشی استحکام بتدریج بہتر ہو رہا ہے، مارکیٹ کا اعتماد بحال ہوا ہے، اور 14 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں آیا ہے۔

ادارے نے کہا کہ مالی سال 2025 میں پاکستان کا مالی توازن پروگرام ہدف سے بہتر رہا، افراط زر میں کمی آئی، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

آئی ایم ایف نے حکومت کی جانب سے توانائی، مالی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسیوں پر تسلسل کے ساتھ عمل درآمد ضروری ہے، خاص طور پر حالیہ سیلابوں کے تناظر میں جن سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے اور ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ تعمیری مذاکرات جاری رہے، اور یہ معاہدہ پاکستان کی معیشت کے لیے اعتماد کی علامت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔