مرید کے : پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے شہر مرید میں تحریک لبیک ( ٹی ایل پی) کے پر تشدد احتجاج کے دوران ایک پولیس افسر شہید اور ایک درجن اہلکار زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے شہر مرید میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے پرتشدد احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ہوئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پرتشدد احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا تاہم پر تشدد احتجاج میں ایک پولیس افسر شہید اور ایک درجن اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مظاہرین نے ہدایت کے باوجود احتجاج کو کم متاثرہ مقام پر منتقل کرنے سے انکار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ انتظامیہ نے ابتدا میں مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی، تاہم احتجاج کی قیادت نے دورانِ مذاکرات ہی ہجوم کو اکسانا جاری رکھا، مظاہرین نے پتھراؤ، کیلوں والے ڈنڈے اور پٹرول بموں کا استعمال کیا اور متعدد اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا، جس سے بعد میں فائرنگ بھی کی گئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹس کے مطابق فائرنگ میں استعمال ہونے والی گولیاں چھینے گئے اسلحہ سے چلائی گئیں۔
پولیس نے بڑے سانحے سے بچنے کے لیے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا، تاہم مشتعل مظاہرین نے پولیس پر مزید منظم حملے کیے۔
