Tuesday, October 21, 2025
ہومبریکنگ نیوزامریکی سینٹرل کمان کے سربراہ کا دورہ غزہ، حماس کا غیرمسلح ہونے سے انکار

امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ کا دورہ غزہ، حماس کا غیرمسلح ہونے سے انکار

غزہ (آئی پی ایس )امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا ہے کہ انہوں نے غزہ کا دورہ کیا تاکہ جنگ کے بعد استحکام سے متعلق معاملات پر بات چیت کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی علاقے میں کسی بھی امریکی فوجی کی تعیناتی نہیں کی جائے گی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے سنیچر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ حال ہی میں غزہ کے دورے سے واپس آئے ہیں، جہاں انہوں نے ایک ایسے سول-ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کے قیام پر بات کی جو سینٹکام کی قیادت میں کام کرے گا اور جنگ کے بعد استحکام کی کوششوں میں معاونت فراہم کرے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان سیزفائر کی نگرانی کے لیے امریکی افواج کی ابتدائی تعیناتی شروع ہو گئی ہے، اور 200 امریکی فوجی اسرائیل پہنچ چکے ہیں۔

امریکی فوج اس مشن کے لیے ایک ملٹی نیشنل ٹاسک فورس کی قیادت کرے گی، جو غزہ میں تعینات کی جائے گی۔ اس فورس میں ممکنہ طور پر مصر، قطر، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے فوجی شامل ہوں گے۔ایڈمرل کوپر نے مزید کہا کہ امریکہ کے بیٹے اور بیٹیاں اس تاریخی لمحے میں مشرق وسطی میں امن کے قیام کے لیے سپریم کمانڈر کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ایڈمرل بریڈ کوپر کو اگست کے اوائل میں امریکی سینٹکام کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ سینٹکام مشرق وسطی میں امریکی فوجی کارروائیوں کا ذمہ دار کمانڈ سینٹر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔