اسلام آباد (آئی پی ایس) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے مالی سال 2024-25 کے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کر دی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق تمام اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اثاثے مقررہ تاریخ تک فارم-بی پر جمع کرائیں۔ گوشواروں میں شریک حیات اور زیرکفالت بچوں کے اثاثے و واجبات شامل کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت گوشوارے جمع کرانا قانونی تقاضا ہے۔ الیکشن کمیشن یکم جنوری 2026 کو ان اراکین کے نام جاری کرے گا جنہوں نے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہوں گے، جبکہ 15 جنوری 2026 تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
مزید برآں، ایسے اراکین پارلیمانی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ گوشواروں میں غلط بیانی کی صورت میں 120 دن کے اندر کارروائی کی جا سکے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فارم-بی اور رہنما ہدایات الیکشن کمیشن، صوبائی دفاتر اور اسمبلی سیکرٹریٹس سے مفت حاصل کی جا سکتی ہیں۔