اسلام آباد(سب نیوز )وفاقی حکومت کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے نئے چیئرمین کیلئے موزوں ترین شخصیت کی تلاش، بیس اکتوبر سے پہلے اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ۔تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی دوسری مرتبہ مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد یکم اکتوبر سے چیئرمین پیمرا کی پوسٹ خالی ہے۔ محمد سلیم بیگ کومسلم لیگ ن کی حکومت میں شاہد خاقان عباسی کی وزارت عظمی کے دوران 2018 میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں طویل مقدمہ بازی کے بعد بطور چیئرمین پیمرا تعینات کیا گیا تھا۔
بعد ازاں، عمران خان کی حکومت میں دوبارہ انہیں تین سال کیلئے چیئرمین تعینات کیا گیا۔ اس حوالے سے نئے چیئرمین کی تعیناتی کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات میں نیا اشتہار تیار کرنے کے حوالے سے کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے مطابق میڈیا میں 15سے25سال تجربہ رکھنے اور ماسٹر ڈگری تعلیم کے علاوہ دیگر شرائط و ضوابط رکھی جا رہی ہیں۔اس حوالے سے غور و غوص جاری ہے اور وزیراطلاعات و نشریات کی منظوری کے بعد باضابطہ طور اخبارات میں اشتہار جاری کیا جائے گا۔ شرائط و ضوابط کے حوالے سے مشاورت جاری ہے ، قوی امکان یہ ہے کہ حتمی اشتہار آنے کے بعد اس بات کا تعین کرنا آسان ہو گا کہ کس شخصیت کو چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کیلئے حکومت کے ذہن میں خاکہ ہے۔
عموماجس شخصیت کو حکومت تعینات کرنا چاہتی ہے اس کی تعلیم و تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے اشتہار بنایا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان کو ریٹائرمنٹ کے بعد اس پوسٹ پر تعیناتی کی امید دلائی گئی ہے جبکہ ان کے متوقع مد مقابل سابق سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، سہیل علی خان اور مبشر توقیر شاہ ہو سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، سابق چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی تیسری بار تعیناتی کیلئے حکومت کو صدارتی آرڈیننس لانا پڑے گا۔وزارت اطلاعات چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کیلئے تین ناموں کا پینل وزیراعظم کو بھیجوائے گی اور وزیراعظم اس سمری کو حتمی منظوری کیلئے صدر پاکستان کو بھجوائیں گے۔