ڈربن (آئی پی ایس )پاکستانی اسکواڈ میں اسپنرز کو دیکھنے کے بعد جنوبی افریقا ٹیسٹ ٹیم نے اسپن کھلینے پر فوکس کرلیا۔پاکستان روانگی سے قبل پریٹوریا میں جنوبی افریقا ٹیسٹ ٹیم کا مختصر کیمپ لگایا گیا جہاں ٹیم نے اسپن کو کھیلنے پر فوکس کیا۔پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقا نے اسپنرز کیخلاف کھیل کر خود کو تیار کیا۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ جب آپ ہوم گراونڈ پر کھیل رہے ہوں تو جیسی چاہیں آپ وکٹ تیار کرتے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کی طرح ہی سب کچھ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی پچز پر پھر دونوں ٹیموں کے بیٹرز کے لیے مشکل پیش آتی ہے بہرحال ہم اپنے اسکواڈ سے خوش ہیں اور کنڈیشنز جیسی بھی ہوں ہمیں اپنا کام کرنا ہے۔جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 3 اسپنرز ہیں اور وہ چیلنج کرتے ہیں، ان کا رول ہمارے لیے بڑا اہم ہوگا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی آج رات لاہور پہنچیں گے اور دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 12 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہو گا۔پاکستان نے جنوبی افریقی ٹیم کو دونوں ٹیسٹ میچز میں اسپن کے جال میں پھنسانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے لیے ٹیم میں ابرار احمد، ساجد خان، نعمان علی اور آصف آفریدی کو اہم ہتھیار سمجھا جارہا ہے۔