Tuesday, October 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزایئر پورٹ پر غیر معمولی گرمجوشی:وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کا سرکاری دورہ مکمل کرکے پاکستان روانہ

ایئر پورٹ پر غیر معمولی گرمجوشی:وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کا سرکاری دورہ مکمل کرکے پاکستان روانہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کا سرکاری دورہ مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم کو الوداع کہنے کے لیے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم خود کوالالمپور کے بنگا رایا ایئرپورٹ پر آئے۔ اس دورے کے دوران غیر معمولی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔قبل ازیں وزیراعظم کی ملائیشیا آمد پر بھی ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم پاکستان کو ان کی رہائش گاہ پر خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے شہباز شریف کو ان کے دورہ ملائیشیا کی تصاویر پر مبنی یادگاری البم بھی پیش کی۔وزیراعظم کو ان کی رہائش سے ائیرپورٹ تک غیر معمولی سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم، ملائیشیا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔

اپنے دورہ ملائیشیا کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، ملائیشیا کے انتظامی مرکز پتراجایا گئے جہاں وزیراعظم آفس (پردانا پترا) آمد پر وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا ؛ انہیں ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیا کے وزیر اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔

دونوں وزرائے اعظم نے وفود کی سطح پر ملاقات میں اپنے اپنے وفد کی قیادت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے۔وزیراعظم پاکستان اور ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان- ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی۔

وزیراعظم کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی آف ملائیشیا کی جانب سے لیڈر شپ اور گورننس میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی گئی۔وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔