اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے پاک سعودی اقتصادی تعلقات میں پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں جن سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری درکار ہے اور سعودی عرب اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ پاک سعودیہ کوآرڈینیشن کمیٹی میں فیڈریشن کو بھی نمائندگی دی جائے تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت یقینی بنائی جا سکے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان سمال، میڈیم اور لارج اسکیل انڈسٹریز میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی منظرنامے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔