Tuesday, October 7, 2025
ہومتازہ ترینصیہونی بربریت کے دو سال مکمل، ہزاروں شہید، لاکھوں زخمی، لاکھوں بے گھر، آج بھی 24 جنازے

صیہونی بربریت کے دو سال مکمل، ہزاروں شہید، لاکھوں زخمی، لاکھوں بے گھر، آج بھی 24 جنازے

غزہ:(آئی پی ایس)
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلط کردہ تباہ کن جنگ کو آج دو سال مکمل ہو چکے ہیں، تاہم صیہونی مظالم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

تازہ حملوں میں مزید 24 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا جب کہ پورے خطے میں انسانی المیہ شدت اختیار کر چکا ہے۔

یہ جنگ 7 اکتوبر 2023 کو اس وقت شروع ہوئی جب حماس کی قیادت میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے “طوفان الاقصیٰ” کے نام سے اسرائیلی سرحدوں پر بڑا حملہ کیا۔

فلسطینی مجاہدین نے رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے سرحدی بستیوں میں داخل ہو کر 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا جس کے بعد اسرائیل نے بڑے پیمانے پر عسکری کارروائیاں شروع کر دیں۔

صیہونی حکومت نے نہ صرف 3 لاکھ 60 ہزار ریزرو فوجی غزہ میں تعینات کیے بلکہ پوری غزہ پٹی کو ایک تباہ کن محاصرے کا شکار بنا دیا۔

ان دو برسوں میں ہونے والی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اب تک 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جب کہ 1 لاکھ 70 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔

اسرائیلی محاصرے نے غزہ میں 20 لاکھ شہریوں کو قحط اور فاقہ کشی کا شکار کر دیا ہے۔

خطے کا ہر پہلو متاثر ہوا ہے ہسپتال، مساجد، کلیسا، اسکول، تعلیمی ادارے، سڑکیں اور سویلین انفرااسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور پورا علاقہ کھنڈر میں تبدیل ہو گیا ہے۔

یہ سب کچھ اس وقت بھی جاری ہے جب امریکی صدر کا جنگ بندی کا مطالبہ اسرائیل نے کھلے عام نظر انداز کر دیا ہے، اور اپنی کارروائیوں کو مزید وسعت دے رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔