Monday, October 6, 2025
ہومبریکنگ نیوزسعودی عرب کے ساتھ معاشی مذاکرات، پاکستان نے اعلی سطحی کمیٹی بنا دی

سعودی عرب کے ساتھ معاشی مذاکرات، پاکستان نے اعلی سطحی کمیٹی بنا دی

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان کی حکومت نے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی تعلقات اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی مشترکہ صدارت وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود ملک اور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد، نیشنل کوآرڈینیٹر برائے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کریں گے۔

گذشتہ چند مہینوں میں پاکستان نے دوست ممالک، خصوصا سعودی عرب کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کوششیں تیز کی ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کا وعدہ کر رکھا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا مشترکہ چیئرپرسنز سعودی ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے بنیادی/مذاکراتی ٹیمیں تشکیل دیں گے۔

یہ ٹیمیں تفویض کردہ ذمہ داریوں پر تیز رفتاری سے عمل درآمد اور نفاذ کی ذمہ دار ہوں گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام اراکین اور نمائندگان چھ اکتوبر سے دستیابی یقینی بنائیں اور وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایس آئی ایف سی اراکین کے سفری منظوری کے معاملات کو اسی دن ایک گھنٹے کے اندر مکمل کیا جائے۔

کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی پیش رفت کی 15 روزہ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے، جب کہ ایس آئی ایف سی سیکریٹریٹ انتظامی معاونت فراہم کرے گا۔کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر برائے توانائی اویس لغاری، وزیر برائے تجارت جام کمال خان، وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان شامل ہیں۔اس کے علاوہ ریاض میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید اور سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت حسین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔