بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ گوتم گمبھیر کیساتھ انا کے ٹکراؤ کی وجہ سے کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کو ون ڈے کپتانی سے ہٹانے کی وجہ چیف کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ انا کا ٹکراؤ (ایگو کلیش) ہے۔
اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ گوتم گمبھیر ون ڈے کپتان کو بدلنے کے فیصلے میں شامل تھے۔ گوتم گمبھیر ٹیم کو سخت کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے روہت جیسے بڑے قد کے کرکٹر کو سائیڈ لائن کرنے کا فیصلہ کیا۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ اس بات سے خوفزدہ تھی کہ اگر روہت قیادت جاری رکھتا ہے تو وہ اپنے مطابق ٹیم کو چلائے گا جس سے ٹیم کلچر متاثر ہوسکتا تھا۔
روہت شرما کی جگہ شبھمن گل کو ون ڈے میں کپتانی سونپنے کے معاملہ پر چیف سلیکٹر اجیت اگروال نے میڈیا سے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں الگ الگ کپتان رکھنے کا مقصد ٹیم کے اہم ستونوں کے درمیان ٹکراؤ سے بچنا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گل کو 2027 ورلڈ کپ کے لیے وقت دینے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ بی سی سی آئی نے گزشتہ ہفتے شُبمن گِل کو آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے وَن ڈے فارمیٹ کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے ساتھ ہی روہت شرما کی ون ڈے کپتانی کا دور اختتام پذیر ہو گیا۔