لاہور: (آئی پی ایس) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت تو مجبور ہے، لیکن پی ٹی آئی امریکا کی مذمت اور حماس کی حمایت کیوں نہیں کرتی؟
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی کے عوام نے فلسطینیوں سے جس فقید المثال انداز میں یکجہتی کا اظہار کیا ہے، وہ قابل تحسین ہے، پاکستانی عوام نے امریکا کے نام نہاد ’ٹرمپ امن منصوبے‘ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور فلسطینیوں کے حق میں اپنے مؤقف کو واضح کر دیا ہے، ہم فلسطینی عوام اور حماس کے فیصلوں کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکومت امریکا کی مذمت کرنے سے قاصر ہے اور اس پر دباؤ یا مجبوری صاف نظر آتی ہے، لیکن اپوزیشن میں موجود پاکستان تحریک انصاف امریکا کی مذمت اور حماس کی حمایت کیوں نہیں کرتی، یہ سوال پوری قوم کے ذہنوں میں گونج رہا ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر لازم ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی کو قومی فریضہ سمجھ کر ذمے داریاں نبھائیں، پنجاب، سندھ اور کے پی کی حکومتوں کی باہمی نورا کشتی کا نقصان براہ راست سیلاب متاثرین کو ہو رہا ہے، جنہیں امداد سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پنجاب، اسلام آباد اور کوئٹہ کے عوام کو فوری طور پر بلدیاتی حقوق فراہم کئے جائیں تاکہ مقامی سطح پر مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔