واشنگٹن (آئی پی ایس )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا ہے کہ بات چیت کے بعد اسرائیل نے انخلا کی ابتدائی لائن پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بات چیت کے بعد اسرائیل نے انخلا کی ابتدائی لائن پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، اس بارے میں حماس کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔
ٹرمپ نے کہا کہ حماس کی تصدیق کے بعد جنگ بندی فوری طور پر موثر ہو جائے گی اور یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ شروع ہو جائے گا۔ اس سے پہلے ٹرمپ نے حماس کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ حماس تیزی دکھائے ورنہ تمام شرائط ختم ہوجائیں گی۔واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 20 نکاتی غزہ امن منصوبہ بڑی حد تک قبول کرلیاہے۔البتہ حماس نے ٹرمپ منصوبے کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئرکا مجوزہ کردار مستردکردیا۔مصری میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان بلواسطہ مذاکرات اتوار اور پیر کو ہوں گے، بات چیت میں ٹرمپ منصوبے کے تحت تمام یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق تفصیلات طے ہوں گی۔