Sunday, October 5, 2025
ہومبریکنگ نیوزآئی سی سی نے پاک بھارت ویمنز میچ کو تنازعات سے بچانے کی حکمت عملی تیار کر لی

آئی سی سی نے پاک بھارت ویمنز میچ کو تنازعات سے بچانے کی حکمت عملی تیار کر لی

کولمبو(آئی پی ایس )اتوار کو آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ اس حساس موقع پر ممکنہ سیاسی تنازعات سے بچنے کے لیے آئی سی سی نے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے۔پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے پاک بھارت کے موجودہ سیاسی حالات پر سوالات کیے، تاہم آئی سی سی کی میڈیا منیجر سیپوا کازی نے واضح ہدایات جاری کیں کہ پریس کانفرنس میں سیاسی سوالات نہیں کیے جائیں گے اور ہینڈ شیک جیسے معاملات پر بھی کوئی سوالات قبول نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر صحافیوں کو صرف کرکٹ سے متعلق سوالات کرنے کی اجازت دی گئی۔آئی سی سی کی ہدایات کے بعد پریس کانفرنس کا آغاز ہوا جس میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے بھارت کے خلاف میچ کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم نے میچ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور توجہ صرف کھیل پر مرکوز ہے۔ بھارت کے خلاف کھلاڑیوں کے حتمی انتخاب کا اعلان ابھی نہیں کیا جا سکتا۔

فاطمہ ثنا نے مزید کہا کہ بنگلادیش سے شکست کے باوجود پاکستان ٹیم ورلڈکپ سے باہر نہیں ہوئی بلکہ وہ ایک مضبوط کم بیک کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھی کارکردگی کے لیے تیار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں کپتان نے کہا کہ ماضی میں ٹیموں کے درمیان دوستانہ تعلقات ہوتے تھے جو اچھے لگتے تھے، لیکن اس وقت ان کی اولین ترجیح صرف کرکٹ کھیلنا ہے۔ وہ اور ان کی ٹیم موجودہ حالات سے آگاہ ہیں مگر مکمل توجہ کھیل پر رکھے ہوئے ہیں۔فاطمہ ثنا نے آخر میں یہ بھی کہا کہ کم عمر میں کپتانی جیسے اعزازات حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے، اور ٹیم کے سینئر کھلاڑی ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ہم سب ایک مضبوط ٹیم کے طور پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔