اسلام آباد (سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (J&KCHS) کو فائنل شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
سی ڈی اے پلاننگ ونگ ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’خیابانِ کشمیر-1‘‘ ہاؤسنگ اسکیم (سیکٹرز G-15/F-15، زون 2، اسلام آباد) میں عوامی سہولتی پلاٹس کو غیرقانونی طور پر رہائشی اور کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ یہ اسکیم جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے زیرِ سرپرستی شروع کی گئی تھی۔
نوٹس کے مطابق اسکیم کا لی آؤٹ پلان (LOP) سی ڈی اے نے 25 اپریل 2002 کو منظور کیا تھا، جس کے تحت تمام ترقیاتی کام اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے 6 سالہ مدت (یعنی 13 مئی 2010 تک) مکمل کرنے تھے۔
ایک سال کی توسیع 13 مئی 2011 تک دی گئی، مگر اس کے باوجود 21 سال گزر جانے کے باوجود اسکیم مکمل نہیں کی گئی۔سی ڈی اے نے شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپانسرز نے منظور شدہ ڈیزائن اور شرائط کے مطابق اسکیم کو مکمل نہیں کیا، نہ ہی ترقیاتی ڈھانچہ (Infrastructure Works) فراہم کیا گیا۔اتھارٹی نے سوسائٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے پر حتمی جواب داخل کرے، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







