اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحتی امور سردار یاسر الیاس خان نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے سی ڈی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دارالحکومت اسلام آباد کو سیاحت و میزبانی کی صنعت کے فروغ کے حوالے سے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈی جی ریسورس، ڈی جی بلڈنگ اینڈ ہاسنگ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد شہر کو سیاحت کا مرکز بنانے کے حوالے سے کیبل کار، تھیم پارک سمیت سفاری پارک و دیگر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بلیو ایریا اور دیگر مقامات پر فوڈ اسٹریٹ و پیڈسٹرین ٹریکس کے قیام پر بھرپور توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے ڈیجیٹل پارکنگ متعارف کرا رہے ہیں اور بلیو ایریا میں پارکنگ پلازہ اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہے جسکو جلد ہی آپریشنل کر دیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں نیشنل ہل پارک سمیت شہر بھر میں ماحول کے تحفظ کیلئے بھرپور شجرکاری مہم جاری ہے اور ہر آنے والے دن کے ساتھ اسلام آباد کے گرین کور میں اضافہ کرکے اسکو مزید سرسبز و خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی صنعتی نمائش کے انعقاد کے حوالے سے ورکنگ جاری ہے اور صنعتی نمائش کے کامیاب انعقاد کیلئے اسلام آباد سمیت ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کو شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحتی امور سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سی ڈی اے کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحتی امور نے کہا کہ سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے قیام سے نہ صرف بہترین تفریحی سہولیات میسر ہونگی بلکہ روزگار کے بھی مواقع پیدا ہونگے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف دارالحکومت اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات پر عملدرآمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ دارالحکومت اسلام آباد کو بہترین سیاحتی و خوبصورت شہربنایاجاسکے۔